ایرانی ایٹمی اثاثوں پر اسرائیلی حملے جرم :چینی تھنک ٹینک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف چینی تھنک ٹینک کے سربراہ وکٹر گاؤ کا کہنا ہے کہ ایرانی ایٹمی اثاثوں پر اسرائیلی حملے جرم ہیں ، مشرق وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے اسرائیل کا غیر مسلح ہونا ضروری ہے ۔
اسرائیل کا خود ایٹمی ہتھیار بنانا اور دوسروں کو دھمکیاں دینا سنجیدہ مسئلہ ہے ،اسرائیل کے اس دہرے معیار کی دنیا میں کوئی اور مثال نہیں ملتی ۔عرب ٹی وی سے گفتگو میں وکٹر گاؤ نے کہا اسرائیل نے ایران پر خود ساختہ جنگ مسلط کی، ایک آزاد ملک کی علاقائی سالمیت اور آزادی کی خلاف ورزی کی، اسرائیل ایران کے حکومتی اور فوجی اہلکاروں کو قتل کرکے جرم کا مرتکب ہوا ہے ۔سینٹر فارچائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ چین ہمیشہ ایران کی ایک آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے عزت کرتا ہے ، چین ایران کی علاقائی سالمیت کا احترام اور برابری کے تعلقات رکھتا ہے ، کوئی نہیں جانتا کہ کیا ایک روایتی جنگ نیو کلیئر جنگ میں تبدیل ہوجائے گی۔ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کوئی نہیں جانتا کہ ایران اسرائیل جنگ اب کدھر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چین کسی ملک کی دوسرے پر یکطرفہ اور خود ساختہ پابندیاں تسلیم نہیں کرتا، ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ اسرائیلی حملے منافقت اور دہرے معیار پر مبنی ہیں۔