ایٹمی تنصیبات پر حملہ خطے کیلئے شدید خطرناک ہو گا:ایرانی سفیر
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری نے کہا ہے کہ اگرامریکا اور اسرائیل سنجیدہ بات چیت چاہتے ہیں تو پہلے جنگ ختم کریں،ایران مذاکرات کیلئے تیار ہے ، ہم نے کبھی دروازے بند نہیں کئے ۔
اب اسرائیل کوشکست ہونے والی ہے ،یہی وجہ ہے اسرائیل سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکیاں دے رہا ہے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے ،آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکیاں امریکا کے اپنے آئین،قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا صہیونی حکومت کی یہ دھمکیاں کوئی حیرت کی بات نہیں، کیونکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ اس جنگ کو عالمی سطح پر پھیلایا جائے ،امریکہ اور مغرب کو اس جنگ میں جھونکا جائے ،اسرائیل خود کمزور اور بے بس ہو چکا ہے ،اگر امریکا اس جنگ میں شامل ہوتا ہے تو اس کے نتائج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے تباہ کن ہو نگے ،جویقیناامریکا کے مفاد میں نہیں ہے ،اگر امریکا جنگ میں شامل ہوبھی جائے جیسے ہم نے گزشتہ ہفتے سے صہیونی حکومت کے سامنے ڈٹ کر مزاحمت کی ویسے ہی امریکا کے خلاف مزاحمت کریں گے ،ہم امریکا کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اس خطرناک کھیل کا حصہ نہ بنے ۔ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا گیا تو اس سے تابکاری پھیل سکتی ہے ،ایٹمی تنصیبات پر حملہ عالمی ماحول،خطے کیلئے شدید خطرناک ہو گا،ایٹمی تنصیبات پر حملہ ایٹمی ایجنسی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف وزری ہو گا۔