مختلف جرائم میں پھانسی ختم کرنے کیلئے بحث جاری:اعظم تارڑ
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ سزائے موت کے قانون کو مختلف جرائم سے ختم کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں بحث جاری ہے جس کے تحت مخصوص جرائم میں سزائے موت کو عمر قید سے تبدیل کرنے کے بل پر غور کیا جا رہا ہے۔
جمعہ کوبیلجیئم کے سفیرایڈس بالڈ وان ڈر گراخت نے وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور ادارہ جاتی ردعمل میں بہتری دیکھی جا رہی ہے ،عام شہریوں کو انصاف تک موثر رسائی فراہم کرنے کیلئے ضابطہ فوجداری میں 110 سے زائد ترامیم کی گئی ہیں ، انہوں نے گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2025 پر تشویش کا اظہار کیا کہ اس رپورٹ میں پیش کردہ ڈیٹا زمینی حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتا، سفیر وان ڈر گراخت نے پاکستان میں قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔