پاکستان، چین اور بنگلہ دیش کا باہمی تعاون پر اتفاق رائے

پاکستان، چین اور بنگلہ دیش کا باہمی تعاون پر اتفاق رائے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، چین اور بنگلہ دیش شراکت داری اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی باہمی تعاون پر متفق ہوگئے ۔چین کے شہر کنمنگ میں بنگلہ دیش، چین اور پاکستان سہ فریقی میکانزم کا افتتاحی اجلاس ہوا۔

جس میں چینی نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ، بنگلہ دیشی قائم مقام سیکرٹری خارجہ روح العالم صدیق اور پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے شرکت کی۔سہ فریقی اجلاس میں فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔پاکستانی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے اجلاس کے ابتدائی مرحلے میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔آمنہ بلوچ نے اجلاس کے انعقاد پر چینی حکومت کی کوششوں کی تحسین کی اور کہا کہ پاکستان کی چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش ہے ۔اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ڈیجیٹل معیشت، ماحولیات، سمندری سائنسز اور گرین انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔اجلاس میں ثقافت، تعلیم اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں ممالک نے اتفاق کیا کہ تعاون کھلے پن اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں