حکومت ٹرمپ کیلئے نوبل کی سفارش واپس لے : فضل الرحمن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت ٹرمپ کیلئے نوبل انعام کی سفارش واپس لے، مدارس کی آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔
ہم امریکا کے ساتھ دوستی کے حامی ہیں لیکن غلامی کے حامی نہیں ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے پھگواڑی (مری) میں جے یو آئی پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر پر جب تک علما کرام کی حکومت تھی کوئی فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا، جب سے غیر علما کے ہاتھ آیا مسلسل خون بہہ رہا ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ تعلیمی دنیا میں دینی اور دنیاوی تقسیم انگریز کی ایجاد ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت ٹرمپ کیلئے نوبیل انعام کی سفارش واپس لے ،ٹرمپ کے ہاتھ سے فلسطینیوں، عراقیوں، افغانوں کا خون رس رہا ہے ۔ سربراہ جے یو آئی کاکہناتھا کہ ایران پر حملہ کرکے ٹرمپ نے قومی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی،ہم ایران کی تائید نہ کریں تو کیا اسرائیل کی حمایت کریں،ہم ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ان کاکہناتھا کہ ریاست اور سیاست کے درمیان تعلق کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،جے یو آئی سب سے بڑی عوامی قوت ہے اس کا راستہ روکنا عوام کا راستہ روکنا ہے ،ملک میں غیر شرعی اور خلاف آئین قانون سازی کی جارہی ہے۔