کراچی :ملیر اور گردونواح میں پھر زلزلے کے 2 جھٹکے

کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے ملیر اور اس کے اطراف میں زلزلے کے 2 جھٹکے محسوس کیے گئے ، جن کی شدت 3.8 اور 3.3 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہلا زلزلہ صبح 6 بجکر 30 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال میں 5 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔ زلزلے کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلو میٹر تھی۔رات سوا 8 بجے پھر ملیر اور قائد آباد میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس زلزلے کی شدت 3.3 ریکارڈ کی گئی اور اس کی زمین کے اندر گہرائی 50 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے سٹی کے شمال میں 5 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کے مطابق کراچی میں یکم جون سے اب تک 55 زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، یہ سلسلہ کب تک رہ سکتا ہے اس کی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔