بانی سے علیحدگی کا فیصلہ قوم و ملک کے مفاد میں کیا،فاروق ستار

کراچی(سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں مرکزی شعبہ جات اور کراچی کے مختلف ٹاؤنز، یوسیز کے ذمہ داران کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب میں سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم روایتی یا تانگہ پارٹیوں کی طرح سیاسی جماعت نہیں، ہزاروں شہدا کے خون کے عوض تمام تر نامصائب حالات جھیلنے کے باوجود ایم کیو ایم تناور اور پھل دار درخت کی مانند کھڑی ہے ، ایم کیو ایم کو عارضی طور پر تو کمزور کیا جاسکتا ہے مگر نظریے کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا اس بات پر کوئی دو رائے نہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے ، ہیں اور رہیں گے ، ایم کیو ایم نے بانی سے علیحدگی کا کٹھن فیصلہ قوم و ملک کے مفاد میں کیا، اختلافات کو اصولوں کے مطابق پیش کیا جانا چاہئے ، ایم کیو ایم کے کارکنان آگ و خون کے دریا کو عبور کرکے آج یہاں بیٹھے ہیں، ہم ساری کشتیاں جلا کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔