ایران پر حملے، ٹرمپ کو نوبیل انعام ہرگز نہیں ملنا چاہئے،عظمیٰ بخاری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایران پر تازہ امریکی حملے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام ہرگز نہیں ملنا چاہئے۔ ٹی وی سے گفتگو میں وزیراطلاعات سے سوال کیا گیا ان کی جماعت نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا ہے، اس پر ان کی کیا رائے ہے؟۔ اس سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا نامزد کر دیا، ٹھیک ہے۔ ویسے آپس کی بات ہے کون سا ہمارے کہنے سے انہیں نوبیل انعام مل جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے طنزاً کہا وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مداح نہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ لوگ آج مایوس ہورہے ہیں جو ماضی میں ٹرمپ کے خاندان سے لے کر ان کے بچوں تک کی خوشامد کر رہے تھے اور یہ امیدیں باندھ رہے تھے کہ اب ٹرمپ آئیں گے تو سب کچھ بدل جائے گا۔یہاں تک کہا گیا ٹرمپ کی میز پر سب وزیروں کے ٹویٹس ہوں گے اور جیلوں کے دروازے کھلنے والے ہیں۔سرکاری اشتہارات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا عدالتوں کا کام یہ طے کرنا نہیں کہ سموسے کی قیمت کیا ہوگی یا اشتہارات کیسے بنیں گے ۔ یہ فیصلے حکومت وقت کا اختیار ہوتے ہیں۔ ہم کوئی خیراتی ادارہ نہیں ایک سیاسی جماعت ہیں جو عوام کی فلاح کے لیے کام کرتی ہے اور عوام کو ان اقدامات سے متعلق آگاہ کرنا بھی ہمارا فرض ہے ۔انہوں نے کہا موجودہ دور میں نہ تو کبوتر پیغام پہنچانے کے کام آ سکتے ہیں اور نہ ہی ڈھولچی، اشتہارات ہی واحد ذریعہ ہیں جن کے ذریعے عوام تک پیغام پہنچایا جا سکتا ہے ۔عظمیٰ بخاری نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وزیراعلیٰ ذاتی تشہیر کے لیے اشتہارات دیتی ہیں۔ ان کے بقول اگر اقدامات عوام کی فلاح کے لیے ہیں تو پھر یہ ذاتی کیسے ہوسکتے ہیں؟ ۔یہ وزیراعلیٰ کا حق ہے کہ انہیں اپنے کام کا کریڈٹ ملے اور اشتہار میں ان کی تصویر کتنی بڑی ہوگی، یہ فیصلہ بھی حکومت ہی کرے گی۔عظمیٰ بخاری نے کہا یہ کوئی الف لیلہ کی کہانی تو نہیں کہ لوگوں تک جادو سے بات پہنچ جائے ، نہ ہی ہمارے پاس موکلات ہیں جو گھر گھر جا کر بتائیں کہ کون سی سکیم آ رہی ہے ۔ یہ سب اشتہارات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔