شیخوپورہ:تحریک لبیک کا رہنمائوں کارکنوں کوہراساں کرنے پراحتجاج
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک لبیک ضلع شیخوپورہ کے رہنماؤں و کارکنوں نے رہنماؤں کے فورتھ شیڈول میں نام شامل کرنے، رہنماؤں وکارکنوں کو ہراساں کرنے پر کیوبی لنک نہر فاروق آباد اور بھکھی نہر کو کنٹینر لگا کر بلاک کرکے ڈی پی او شیخوپورہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
اس دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی،پولیس اور کارکنوں میں تصادم کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مرکزی شوریٰ کے رکن علامہ غلام عباس فیضی،علامہ فاروق الحسن کی زیرقیادت فاروق آباد میں کیوبی لنک نہر پر لاہور سرگودھا روڈ ،بھکھی نہر پر فیصل آباد لاہور روڈ کو بلاک کرنے سے دونوں شاہراہوں پر میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ تحریک لبیک کے رہنماؤں اور کارکنان نے بلاجواز 9 رہنماؤں وکارکنوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کیخلاف ڈی پی او کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اوربے بنیاد مقدمات کے اخراج کا مطالبہ کیا۔