ہائیکورٹ: 9مئی مقدمات عمران خان کی ضمانتوں پر فیصلہ آج

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جو آج سنایا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گے درخواست گزار تو نیب کی حراست میں تھے جب انکو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا گیا تو ان کو باہر کے حالات کا علم نہیں تھا انہوں نے جلاؤ گھیراؤ کی مذمت کی عدالت ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرے ۔ پراسیکیوشن نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور ضمانتیں مسترد کرنے کی استدعا کی ۔ دوران سماعت محمود الرشید کے وکیل نے ان کی ضمانتیں واپس لینے کی استدعا کردی جبکہ عدالت نے اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستیں الگ کردی۔ بانی نے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت آٹھ مقدمات میں ضمانتیں دائر کررکھی ہیں ۔ادھر سیشن عدالت میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف وزیراعظم کے دس ارب ہرجانہ کیس میں شہباز شریف کی جانب سے بانی کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست دائر کردی گئی،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت لیگل نوٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی اجازت دے۔