کوئٹہ ، سرکاری ملازمین کی ریلی پر لاٹھی چارج ، متعدد گرفتار

کوئٹہ (این این آئی )کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کی مطالبات کیلئے ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ ،متعدد ملازمین گرفتار کرلیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق زرغون روڈپربلوچستان گرینڈ الائنس نے جی پی او چوک کے قر یب احتجاجی ریلی نکالی اور اسمبلی کے سامنے جاکر دھرنا دینے کی کوشش کی، انتظامیہ نے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا ، سر کاری ملازمین نے دھرنا دینے کی کوشش کی تو پولیس نے منتشرکرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا ، پولیس نے 10سے زائد ملاز مین کو حراست میں لے لیا جبکہ احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے ریلی کی کوریج کرنیوالے میڈیا کے نمائندوں پر بھی مبینہ تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں 3زخمی ہو گئے واقعہ کے بعد گرینڈ الائنس کے کارکن منتشرہونے کے بعد ایک بار پھر منان چوک پر اکٹھے ہوگئے جس پر پولیس نے ایک بار پھر شیلنگ کی ۔ رات گئے تک اسمبلی کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کردیا گیا جبکہ ملازمین جناح روڈ، شارع اقبال سمیت ملحقہ سڑکوں پر موجود رہے ۔