9مئی :عمران خان کی 8مقدمات میں درخواست ضمانتیں مسترد
لاہور ، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر اپنے نامہ نگار سے )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے 9 مئی بلاؤ گھیرائو کے 8مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 9 مئی 2023 کو مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ پرعمران خان کیخلاف کئی مقدمات درج کئے گئے تھے ، جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے ، اشتعال انگیزی اور امن و امان کی صورتحال بگاڑنے جیسے الزامات شامل ہیں،تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا،فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے وکلا نے حکومت اور عدلیہ کیخلاف نعرے لگائے ۔ادھر انسداددہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ایم این اے عبدالطیف چترالی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدم دستیابی پرڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پی ٹی آئی کے 229رہنماؤں و کارکنوں کی ضمانت کی درخواستوں کو یکجا کرکے پیش کیا گیا ۔ عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے پولیس کو 22 جولائی تک پی ٹی آئی رہنمائوں کی متعلقہ مقدمات میں گرفتاری سے روکتے ہوئے پی ٹی آئی ایم این اے عبدالطیف چترالی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی اور کہا عبدالطیف 9 مئی کیس میں سزا یافتہ ہیں ۔عدالت نے تمام درخواستوں پر سماعت بھی22 جولائی تک ملتوی کردی۔ انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر مقدمہ میں بیرسٹر گوہر اور دیگر وکلا کی ضمانت میں توسیع کردی۔آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا سے دلائل طلب کرلیے ۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس نے 26 نومبر اور 4 اکتوبر احتجاج پر مقدمات میں پی ٹی آئی کارکنوں کی حاضری کے بعد سماعت ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیر فواد چودھری کی درخواست پر نو مئی کیس کی نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے آج 25 جون کو ریکارڈ طلب کرلیا ۔