نوبیل کیلئے ٹرمپ جیسی اہلیت والا نہیں ملے گا:خواجہ آصف

 نوبیل کیلئے ٹرمپ جیسی اہلیت والا نہیں ملے گا:خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں جتنے لوگوں کو امن کے نوبیل انعام ملے ہیں ان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسی اہلیت والا کوئی نہیں ملے گا ۔

 انڈپینڈنٹ اردو کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا ایران اسرائیل تنازع پھیلتا جا رہا تھا اور خطے کو لپیٹ میں لینے کا خطرہ تھا۔ ٹرمپ نے ڈیڑھ مہینے میں دو سیز فائر کرائے ۔ یہ بات ہماری نامزدگی کو مزید مضبوط بناتی ہے ۔ ٹرمپ کو اب دو ریاستی حل کے لیے کام کرنا چاہئے یہاں پر فلسطینی ریاست قائم ہونی چاہئے یہ نامکمل ایجنڈا ہے جس پر ساری دنیا کا اتفاق ہے ۔ ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ سیز فائز کو کامیاب رکھے ۔اس سوال پرکیا پاکستان کا بھی اس جنگ بندی میں کوئی کردار ہے ؟۔ خواجہ آصف نے کہا جس طرح ہمسائے کا حق ہوتا ہے پاکستان نے ایران کے لیے وہ ادا کیا اور چین روس، امریکا، ترکی اور تمام خلیجی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا کہ کسی طرح یہ جنگ بندی ہو جائے ۔ پاکستان کا کردار بہت مثبت رہا ۔ یہ سیزفائر مشترکہ کامیابی ہے ۔ ایران نے پاکستان سے کسی بھی قسم کی مدد کی درخواست نہیں کی ایران کے پاس ہر طرح کے میزائل و آلات موجود تھے ۔امریکی صدر کے متوقع دورہ پاکستان پرخواجہ آصف نے کہا اگر وہ کنفرم کر دیتے ہیں تو اس خطے کی سیاست پر اسکا بہت اہم اثر ہو گا۔قبل ازیں اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ایران کی مستقبل مزاجی اور حوصلہ قابل دید ہے ، ایران نے جارحانہ انداز میں اپنا دفاع کیا، ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے ۔ پاکستان کو بھارت اور ایران کو اسرائیل پر فتح نصیب ہوئی، جنگ بندی اس بات کا ثبوت ہے اسرائیل کے دعوے بے بنیاد تھے ۔ اب دعا ہے اللہ غزہ کے مسلمانوں پر رحم کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں