حکومت اور سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب، کمیٹی تشکیل
لاہور(خبر نگار)حکومت اور سرکاری ملازمین کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ملازمین کے مطالبات پر ایک دس رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تاہم ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو پنجاب بھر میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔
لاہور میں آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے صوبائی بجٹ کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز مسجد شہدا سے ہوا اور پنجاب اسمبلی تک مارچ کیا گیا۔ریلی میں سرکاری محکموں کے ملازمین شریک ہوئے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ صوبائی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ محض اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے اور حال ہی میں جاری کیے گئے ظالمانہ نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ حکومت کی جانب سے یقین دہانی اور مطالبات کی منظوری کے لیے بیوروکریسی اور سرکاری ملازمین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ، جس کا نوٹیفکیشن آج جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔مظاہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو پنجاب بھر کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے ۔ اساتذہ اور دیگر ملازمین کا کہنا ہے مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو صوبے بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔