18ہزار 700کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کا منصوبہ شروع:رواں سال مکمل کیا جائے:مریم نواز
لاہور (سٹاف رپورٹر )پہلی مرتبہ پنجاب کی 18ہزار700 کلو میٹرکے 1471 روڈزکی تعمیر وتوسیع اور مرمت کے تاریخی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا، 12ہزار کلو میٹرطویل1214 روڈز کی تعمیرمکمل کی گئی جبکہ دسمبر تک 18ہزار 700 کلو میٹر روڈز کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سی اینڈ ڈبلیو کے جاری پراجیکٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں روڈز کی تعمیر ومرمت کے 97 فیصد فنڈز کے بروقت استعمال کا مثبت ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ تعمیراتی مینجمنٹ کے ذریعے 600ارب روپے کے روڈزکی صرف 70ارب روپے میں تعمیر و مرمت کرلی گئی ہے ۔ پہلی مرتبہ سی اینڈ ڈبلیو کے روڈ کنٹریکٹ لاگت میں اوسطاً 20فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس موقع پر پنجاب میں روایتی ٹھیکیداری نظام کے بجائے ڈیجیٹل ٹال سسٹم متعارف کرانے پربھی اتفاق کیا گیا۔صوبے بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 29 روڈز کی نشاندہی کر لی گئی اور 9 سڑکوں کو نجی اشتراک سے چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبہ بھر میں بلڈنگز کی تعمیر ومرمت کے 1193 پراجیکٹس مکمل ہوچکے جبکہ مراکز صحت کی تعمیر ومرمت کا پہلا فیز بھی مکمل ہوگیا۔ سملی جنرل ہسپتال، ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال اور چار شہروں میں ایگریکلچر مال کی تعمیر کے پراجیکٹس کو مکمل کر لیا گیا۔ روڈز پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کے لئے کٹنگ ایج ایکوپمنٹ متعارف کرایا جائے گا۔
روڈز سرفیس پروفائلر، گراؤنڈ پینی ٹریشن ریڈاراور فاسٹ فالنگ ویٹ ڈی فلیکٹو میٹر کے ذریعے نو تعمیر شدہ سڑکوں کی چیکنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام جاری روڈز پراجیکٹ رواں مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 30سال میں نہ بننے والی سڑکیں اب بننا شروع ہوئی ہیں۔عوام اور عوامی نمائندے پنجاب میں روڈز کی تعمیرو مرمت پر بے حد خوش ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بارش کے دوران لاہور شہر کے قذافی سٹیڈیم، ظہور الٰہی روڈ،جیل روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے برستی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کا مشاہدہ کیا۔
گلبرگ کے بلاکس میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تحت ایل ڈی اے پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔ سسٹین ایبل ماڈل کے تحت خوبصورت ٹف ٹائلز اور پیور کی تنصیب کا جائزہ لیااور گلبرگ کے مختلف بلاکس کا معائنہ بھی کیا۔ گلبرگ میں رہائشی و کمرشل علاقوں سے تجاوزات اور بے ہنگم گرین بیلٹس ختم کرکے یونیفارم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ،فیشن ایونیو، ظہور الٰہی،کالج روڈ، سرسید روڈ سمیت دیگر کمرشل کوریڈورز کی بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا مشاہدہ بھی کیا۔ انسدادِ منشیات کا عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے منشیات سے پاک پنجاب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت پنجاب منشیات کے خاتمے کی مربوط کوششوں کے لئے پرعزم ہے ۔ بچوں کے لیے منشیات کے خطرات سے پاک محفوظ ماحول پیدا کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔ تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ آگاہی پھیلائیں اور نشے کے خلاف لڑنے والوں کی مدد کریں۔