نواز شریف کو مائنس کرنیوالے خود مائنس ،1روپے کا سیکنڈل آیا استعفیٰ دیدونگی:مریم نواز

نواز شریف کو مائنس کرنیوالے خود مائنس ،1روپے کا سیکنڈل آیا استعفیٰ دیدونگی:مریم نواز

لاہور(سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کے اختتامی بجٹ سیشن سے طویل ترین خطاب میں اہم اعلانات کیے اور کارکردگی بھی بیان کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ ترقیاتی پروگرام منظور کرنے پر ایوان کو مبارکباد دی۔

 وزیراعلیٰ نے اپوزیشن کا شکریہ ادا کرکے شاندار روایت قائم کی۔ انہوں نے پنجاب بھر کے 19اضلاع میں اپنی زمین،اپنا گھر شروع کرنے ،پنجاب میں 2400مثالی گاؤں بنانے ،دیہات میں فارم ٹو مارکیٹ پانچ ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و توسیع ،جنوبی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ کے آغاز اور لوگوں کو ٹینکروں میں صاف پانی گھروں کی دہلیز تک پہنچانے کا اعلان کیا۔ مریم نواز نے 10ارب روپے سے ہر ضلع میں واسا اور پی ایچ اے ، پہلا سنٹر آف ایکسی لینس ڈائیگناسٹک سنٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا جس میں 10سی ٹی سکین مشینیں لگائی جائیں گی۔ مریم نواز نے 1400مراکز صحت کی تعمیر و مرمت اگلے چھ ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعدد شہروں میں کیتھ لیب بنانے ، مفت ادویات کے لئے 80ارب روپے دینے ،پنجاب کا پہلا نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا اعلان کیا جس میں سات نئے جدید ترین ہسپتال بھی شامل ہونگے ۔ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے ساتھ ایئر ایمبولینس کے لئے ایئر سٹریپ بھی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کسانوں کے لئے پاکستان کی پہلی کراپ انشورنس سکیم لانے ، پنجاب بھر میں 300سے زائد سکول آف ایمیننس اور 6ہزار آئی ٹی لیب بنانے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کسی سکول میں ایک سال کے بعد بچے زمین پر بیٹھ کر نہیں پڑھیں گے ۔ 10لاکھ کسانوں کو 200ارب روپے کے بلاسود قرضے دیں گے ۔ حکومت پنجاب 20ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی دے گی۔ وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ڈیڑھ سال کے اندر میٹرو بس پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا اور 25ایکڑ تک کاشتکاروں کو ٹارگٹ سبسڈی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے راشن کارڈ کی تعداد 13لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ ،5ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ اور پنجاب کی 1400ڈسپنسریوں کو 10ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے پانچ سال میں 5لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا 10مئی کو بھارت سے تاریخی معرکہ جیتنے پر وزیراعظم شہبازشریف اور افواج کی قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں۔ فسادی اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے ۔ امید کرتی ہوں فلسطین، کشمیر جیسے بنیادی تنازعات کو بھی حل کیا جائے گا۔پاکستان، امن، اصول اور قانون پر چلنے والی ذمہ دار ریاست ہے ۔مریم نواز نے کہا ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر بھی پاکستانی قوم اور شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ پنجاب کی پہلی سرکاری ایئر لائن ایئر پنجاب کا آغاز اسی سال ہوگا۔

جنوبی پنجاب کو ریجنل ٹرین کے ذریعے شمالی پنجاب کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ایک روپے کا بھی مالی سیکنڈل آیا تو استعفیٰ دے دوں گی۔ ای آکشن پر سرکاری ٹھیکے دینے سے 60ارب روپے بچائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا حکومتی اخراجات میں صرف تین فیصد اضافہ، لوکل لون میں 94فیصد اور انٹرسٹ میں 30فیصد کمی ہوئی ۔ 26فروری کو حلف اٹھا کر برملا اظہار کیا کہ میرا مقابلہ نوازشریف اور شہباز شریف جیسے بڑے ناموں سے ہے ۔ پنجاب میں بلاتفریق عوامی خدمت کے وعدے کا علم بلند کیا۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کیساتھ جھوٹے وعدے ہوئے ،اب ہر وعدہ پورا کریں گے ۔ الیکٹرک بسوں کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا۔نوازشریف کی بیٹی ہوں ہر وعدہ پورا کرتی ہوں۔انہوں نے کہا نوازشریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہوگئے ، پارٹی اور خود بہن کہہ رہی ہے انہیں مائنس کر دیا گیا۔ہم نہیں کہہ رہے پارٹی اور بہنیں کہہ رہی ہیں کہ خان کو مائنس کر دیا گیا۔اپوزیشن کے بہن بھائیوں نے بھی بلاآخر ہمارے پاس ہی آنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا دوردراز سے پینے کے لئے پانی لانے والی خواتین کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ۔

لیپ ٹاپ، کسان کارڈ، ہونہار سکالر شپ، شریمپ فارمنگ سمیت متعدد منصوبے جنوبی پنجاب سے شروع کیے گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہم نے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کیا، ایک صوبہ رکشہ ایمبولینس لے آیا۔وزیراعلیٰ نے کاشتکار کا ہاتھ نہ چھوڑنے کا وعدہ نبھایا۔کسانوں پر ظلم کا جھوٹا پراپیگنڈا ناکام ہوگیا۔گندم خریداری کی پالیسی تبدیل نہ کرتے تو صوبہ اس وقت ایک کھرب40ارب کا مقروض ہوتا۔ کسان کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک بلاسود قرضے دیں اور اگلے سال مزید کسانوں کو سپر سیڈر بھی دیں گے ۔ مریم نواز نے کہا فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے آئی ٹی سٹی میں پہلا فلم سٹی قائم کریں گے ۔ عوام کی خدمت بھی کی اور آئی ایم ایف کا سرپلس ٹارگٹ بھی پورا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا راناسکندر حیات کے بیٹے کے سرکاری سکول میں داخلے کی کوئی مثال نہیں ملتی، مبارکباد پیش کرتی ہوں۔اگست میں آنے والی 600میں سے 240بسوں میں جنوبی پنجاب کو زیادہ حصہ دیں گے ۔ فورٹ منرو سمیت 60سیاحتی مقامات پر اگلے سال کام شروع ہوجائے گا۔ پیرا اگلے ہفتے سے فنکشنل ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا اپنی ٹیم اور ارکان کا شکریہ ادا کرتی ہوں،جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا بلکہ کثرت رائے سے اس تاریخی بجٹ کو پاس کیا۔ انہوں نے کہا پنجاب کے تیس سال کا ڈومیسٹک قرضہ صرف ڈیڑھ سال میں اللہ کے فضل و کرم سے صفر ہوچکا ہے ۔

دوسرے سال ٹیکس فری بجٹ دینے کے باوجود ذاتی محاصل میں 53.4اضافہ ہوا ہے ۔ٹیکس دینے والوں کی بجائے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا گیا جس سے ریونیو میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا منصوبوں پر پنجاب کے عوام کا اتنا ہی حق ہے جتنا لاہور کے شہریوں کا ہے ۔ تعصب اور کسی بھی طرح کی تفریق پر یقین نہیں رکھتی۔جنوبی پنجاب کی ڈویلپمنٹ کے لئے 400ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ماں کو اپنا ہر بچہ پیارا ہوتا ہے ، مریم نواز کے لئے بھی پنجاب کا ہر شہر، گاؤں اور تحصیل ایک جیسی اہمیت رکھتا ہے ۔ مریم نواز نے کہا ڈائیگناسٹیک سنٹر آف ایکسی لینس10 ایم آئی آئی اور 10 سی ٹی سکین کی مشینیں لگنے سے لوگوں کو انتظار نہیں کرنے پڑے گا۔72ارب روپے کی لاگت سے پنجاب بھر کے 2500سے زائد بنیادی ہیلتھ یونٹس، بی ایچ یوز اور300رورل ہیلتھ سنٹر کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کاکام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا شیخوپورہ، میانوالی، قصور، بہاولنگراورگوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں نئی کیتھ لیب بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا 809ارب روپے کا تاریخی بجٹ تعلیم کے لئے مختص کرکے تعلیم کے ڈھانچے کو تبدیل کیا جائے گا۔بجٹ سے نہ صرف جدید معیاری تعلیم ہر بچے کو ملے گی بلکہ سکول تک رسائی بھی ممکن بنائی جائے گی۔ قابل، محنتی اور سپیشلسٹ سبجیکٹ اساتذہ کو بھی ہائر کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی اپنے دور میں لیپ ٹاپ سکیم کو شروع کیا تھا۔ سیاسی مخالفین نے سیاسی رشوت کہہ کر اس پروگرام کو بند کر دیا تھا۔عوام دشمن قوتیں چاہتی ہیں بچوں کے ہاتھ میں کیلوں والے ڈنڈے ،پٹرول بم،غلیلیں اورتخریب کا سامان ہو۔ حکومت چاہتی ہے بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپس،الیکٹرک بائیکس سے بچے سکول اور یونیورسٹیوں میں جائیں۔پنجاب کے کسی سکول میں کلاس روم کی کمی نہیں ہوگی۔ کوئی سرکاری سکول ایسا نہیں ہوگا جہاں فرنیچر،کلاس روم، ٹائلٹ کی کمی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے سینئر منسٹر،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مریم اورنگزیب اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر مواصلات صہیب بھرت کو سپر وزیر قرار دیا۔انہوں نے مجتبیٰ شجاع الرحمن،شیر علی گورچانی،شافع حسین، سہیل شوکت بٹ کو بھی شاباش دی۔مریم کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے شور شرابا شروع کر دیا جس پر مریم نواز نے کہا اپوزیشن کو لگے رہنے دیں، ان کے حق کو تسلیم کرتی ہوں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا دعا ہے نیا اسلامی سال امت مسلمہ کے لئے امن اور سلامتی کا پیغام لائے ۔مریم نواز نے مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرینیورشپ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا اس دن کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباور کو حکومت کی توجہ مرکوز کرنا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں