اصولی سیاست والوں کو مخصوص نشستیں نہیں لینی چاہئیں : حافظ نعیم

 اصولی سیاست والوں کو مخصوص نشستیں نہیں لینی چاہئیں : حافظ نعیم

لاہور،ڈسکہ،سیالکوٹ(ہیلتھ رپورٹر،نمائندہ دنیا، نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے کہا ہے کہ یہ عدالتی تاریخ کا ایک اور بدنما داغ ہے۔۔۔

 مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق تھا،ایک اصولی سیاست اور دوسری وصولی سیاست ہے، اصولی سیاست والی جماعتوں کو مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے۔ ہم مولانا کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ جو 30 سیٹیں مل رہی ہیں وہ لیں گے یا نہیں، ہم حق کیساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ سے خطاب پر کہا سپریم کورٹ سے جعلی فیصلے کروا کر سیٹیں حاصل کرنے کو یہ لوگ کامیاب سیاست کہتے ہیں، اقتدار کی میوزیکل چیئر گھوم رہی ہے ،اسٹبلشمنٹ آج اپوزیشن سے بات کر لے تو وہ اس نظام کو قبول کرلے گی، جنرل (ر) باجوہ کی ایکسٹینشن پر بھی سب جماعتیں ایک ہو گئی تھیں،تنخواہیں بڑھانے کیلئے بھی سب ایک ہو جاتے ہیں۔الیکشن میں ہمارے حق پربھی ڈاکہ ڈالا گیا،جیتی ہوئی نشستیں نہیں دی گئیں۔ کراچی کی میئرشپ پر ڈاکہ بھی ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا ٹرمپ کی چاپلوسی میں کشمیر کا سودا قوم قبول نہیں کرے گی، مسئلہ حل کئے بغیر کوئی ثالثی قبول نہیں، سودا کیا گیا تو سیاسی مزاحمت کو لیڈ کرینگے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ڈسکہ آمد، سانحہ سوات پر متاثرہ فیملی سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا 12سال سے پختونخوا میں ایک ہی پارٹی کی حکومت ہے، یہ کوئی پہلا سانحہ نہیں ،حکومتی نااہلی سے ایسے واقعات پہلے بھی ہوچکے ہیں مگر وہاں رسی تک میسر نہیں تھی،این ڈی ایم اے کہاں تھی ، ہیلی کاپٹر آجاتا، فوج طلب کر لی جاتی، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی بدترین گورنس سے قیمتی جانیں چلی گئیں اور وزرا پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں، واقعہ پر انکوائری کرائی جائے پتہ چلے کہ اربوں کے فنڈ کہاں جاتے ہیں۔ڈسکہ کی صورتحال دیکھئے پورا شہر بارشی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، وزیر بلدیات اسی حلقہ اور ڈسکہ سے ہیں انکی اس پانی میں ڈبکیاں لگوائیں، خواجہ آصف بھی اچھی ڈبکیاں لگا لیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں