بلوچستان : سکیورٹی فورسزکا آپریشن ،2 دہشتگرد ہلاک، 2 گرفتار

بلوچستان : سکیورٹی فورسزکا آپریشن ،2 دہشتگرد ہلاک، 2 گرفتار

اسلام آباد، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اور 2 کو گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق 28جون کو سکیورٹی فورسز نے بھارت کی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع دکی میں آپریشن کیا اوردہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے قومی عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔ ادھر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پشاور کے علاقے شمسہ ٹو میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ، کارروائی میں ایک خودکش حملہ آور اور اس کا ہینڈلر مارا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد حساس تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ آپریشن میں افغانستان سے آیا خودکش بمبار مارا گیا جس کی شناخت منیر احمد ولد محمد گل کے نام سے ہوئی۔ دونوں دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج گروہ سے ہے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی اہلکاروں کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ، خودکش جیکٹ، گولہ بارود، ایک ایس ایم جی اور ایک پسٹل برآمد کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں