کل سے گیس مہنگی،گھریلو صارفین کے فکسڈ چارجز میں اضافہ

کل سے گیس مہنگی،گھریلو صارفین کے فکسڈ چارجز میں اضافہ

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) یکم جولائی سے گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، پاور سیکٹر اور انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتیں بڑھا دی گئیں جبکہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا۔ روٹی تنور، کمرشل، جنرل انڈسٹری (کیپٹیو)، سی این جی، سیمنٹ اور کھاد کے لیے بھی گیس کے نرخوں میں تبدیلی نہیں کی گئی ۔ گھریلو صارفین کے لئے ماہانہ فکسڈ چارجز میں اضافہ کیا گیا۔ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکس چارجز میں 200 روپے اضافہ کیا گیا۔ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکس چارجز 400 سے بڑھا کر 600 روپے کر دیے گئے ۔ دوسری جانب نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے فکس چارجز 1000 سے بڑھا کر 1500 روپے ،جبکہ 1.5 ہیکٹومیٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فکس چارجز میں ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔ 1.5 ہیکٹومیٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فکس چارجز 2 ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار کر دیے گئے ۔ روزنامہ دنیا کے پاس موجود نوٹیفکیشن کے مطابق پاور سٹیشن کے لیے گیس کی قیمتوں میں 175 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے ۔ پاور سٹیشن کے لیے پہلے نرخ 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تھا، نرخوں کو بڑھا کر 1225 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے ۔جنرل انڈسٹری کے لیے گیس کے نرخوں میں 150 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا ہے ۔ جنرل انڈسٹری کے لیے گیس کے نئے نرخ 2300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دیے گئے ، پرانے نرخ 2150 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تھے ۔بلک صارفین کے لیے 275 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا۔ بلک صارفین کے لیے نئے نرخ 3175 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے، بلک صارفین کے لیے پرانے نرخ 2900 روپے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں