لگتا ہے حافظ نعیم میئر نہ بننے کے صدمہ سے نہیں نکلے،شرجیل میمن
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیاسی منافقت کی انتہا ہے کہ پنجاب میں بیٹھ کر حافظ نعیم سندھ کے بلدیاتی نظام کو ٹارگٹ کر رہے ہیں حالانکہ بلدیاتی الیکشن پنجاب میں نہیں ہوئے۔
امیرجماعت اسلامی کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا لگتا ہے حافظ نعیم ابتک میئر نہ بن سکنے کے صدمے سے نہیں نکلے ۔سندھ میں بلدیاتی نظام آئینی حدود میں کام کر رہا ہے ، جماعت اسلامی کا کام عوام کو گمراہ کرنا ہے ۔ اگر حافظ نعیم کو سندھ کے بلدیاتی نظام سے اتنا ہی مسئلہ ہے تو وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی اسی شد و مد سے آواز کیوں نہیں اٹھاتے ، اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے حکومت سندھ پر الزامات لگانا مناسب نہیں۔ حافظ نعیم شاید بھول رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جن ممبران پر انہوں نے مقدمے قائم کئے تھے ، انہوں نے حافظ نعیم کو ووٹ دینا پسند نہیں کیا۔ جماعت اسلامی کو کبھی عوام کے ووٹ سے کراچی کی میئرشپ نہیں ملی، انکے دو میئر آمریت کے مرہون منت تھے ۔ جماعت والوں کو بھی اب تعمیری سیاست کرنی چاہیے ، نفرت پر مبنی بیانات سے عوام کو گمراہ نہ کریں۔