آئیے !ایسا پاکستان بنائیں جہاں ہر شہری کی آواز سنی جا ئے ،صدر، وزیراعظم کے عالمی یوم پارلیمان پر پیغامات
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے،این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ بین الاقوامی یومِ پارلیمان مناتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور معاشی و سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔
آئیے ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت فروغ پائے ، ادارے مضبوط ہوں اور ہر شہری کی آواز سنی اور عزت سے سمجھی جا ئے ۔ بین الاقوامی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے کہاکہ پارلیمان عوام کی خودمختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہوتی ہے ، قانون ساز اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا تحفظ کریں اور قومی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام میں مرکزی مقام رکھتی ہے ،آئیں !آج کے دن ہم پارلیمانی اداروں کو مضبوط کرنے ،جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قانون سازی کے عمل میں شہریوں کی آواز کی صحیح معنوں میں عکاسی ہو۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ دن دنیا بھر میں منتخب عوامی نمائندوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو جمہوریت، قانون کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔