پنجاب کی 4015 یونین کونسلز کیلئے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کی منظوری
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب کی 4015 یونین کونسلز کے لئے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے سیکشن 185 (1) کی تعمیل میں، مجاز اتھارٹی نے پنجاب میں یونین کونسل کے قیام کے شیڈول پوسٹوں کی منظوری دے دی ہے ۔تنخواہ/الاؤنسز کی ادائیگی میں شامل اخراجات متعلقہ یو سی اکاؤنٹس سے ہر یونین کونسل کے پی ایف سی شیئر حصہ سے ادا کیے جائیں گے ۔ہر یونین کونسل میں سیکرٹری اور نائب قاصد یا چوکیدار کی ایک ایک سیٹ ہو گی۔ہر ضلع میں یونین کونسلز کے سیکرٹریز کا کوٹہ مقرر کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سیکرٹری گریڈ 16 کا 15 فیصد،گریڈ 14 کے لئے 40 فیصد اور گریڈ 11 کے لئے 45 فیصد سیٹیں رکھی گئی ہیں۔یونین کونسلز میں بی ایس گریڈ 16 کی 602،بی ایس 14 کی 1606 اور بی ایس 11 کی 1807 سیٹیں مختص کر دی گئی ہیں۔یونین کونسلز کے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کے بعد ملازمین یونین کونسلز کے لئے سروس رولز اور اس کی روشنی میں سروس سٹرکچر کا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔