پی ٹی آئی نے کوئی تحریک چلائی تو سختی سے روکا جائیگا:رانا ثنا
لاہور (دنیا نیوز )مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کوئی تحریک چلائی تو سختی سے روکا جائے گا اور حکومت کو جو مناسب لگا وہ کرے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاجوڈیشل کمیشن کی جانب سے درست فیصلے ہو رہے ہیں ، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے مطابق ہی یحیی آفریدی چیف جسٹس بنے اورہی چاروں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس تعینات ہوئے ، سنیارٹی کا فیصلہ ججز نے کیا ہے کہ تین سینئر ترین ججز میں سے ایک چیف جسٹس ہو گا ، کیا یہ چیف جسٹس اس لیے غلط ہیں کہ ایک مخصوص لابی کی مرضی سے نہیں بنے ؟ ۔انہوں نے کہا آج ہمیں یہ خط اچھے نہیں لگ رہے ، آج جن لوگوں کو خط اچھے لگ رہے ہیں انہیں جسٹس فائزعیسیٰ کے خط اچھے نہیں لگ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا ان کو 2024 کے الیکشن پر اعتراض ہے ، 2018 کے الیکشن میں ہمیں بھی اعتراض تھا، اگر یہ صوبائی اسمبلیاں نہ توڑتے تو 9 مئی نہ ہوتا، اگر حکومت کو دو یا تین سال مل جائیں تو ہم معاشی بحران سے نکل جائیں گے ۔ خواجہ آصف کے ہائبرڈ نظام سے مراد یہ ہے اس وقت عسکری اور سیاسی لیڈر شپ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور دفاع میں جس طرح کمیٹڈ ہے یہ بہت ہی اچھا طریقہ ہے یہ ایسے ہی جاری رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کے پی کے میں علی امین گنڈا پور پی ٹی آئی کی طرف سے خطرے میں ہیں ، پی ٹی آئی چاہتی ہے انہیں ہٹائے انکی وجہ سے ہی وہاں حکومت کو خطرہ ہو سکتا ہے ، اگر گنڈا پور کے ساتھ 15 یا 20 بندے ہوئے تو وہاں پی ٹی آئی اپنی اکثریت کھو سکتی ہے ۔