جماعت اسلامی میدان میں،عوام کو ریلیف دلائینگے : حافظ نعیم

جماعت اسلامی میدان میں،عوام کو ریلیف دلائینگے : حافظ نعیم

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف، پٹرول کی قیمت اور لیوی میں کمی لائے، بجٹ میں اشرافیہ، جاگیرداروں کو نوازا گیا، حکمران مراعات، عیاشیاں، پروٹوکول کم کرنے کو تیار نہیں، عوام کو نچوڑا جارہا ہے، ملک پر مافیا کا راج، چینی گندم کے برآمدی، درآمدی کھیل سے اربوں لوٹے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی بھرپور طریقے سے میدان میں ہے ،عوام کو ریلیف دلائیں گے ۔ٹرمپ سے کشمیر پر منصفانہ ثالثی کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے ، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرات کی تو عوامی قوت سے ناکام بنائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد دفتر میں پریس کانفرنس میں کیا۔ امیرجماعت اسلامی نے کہا عدالتی فیصلے کے بعدمخصوص نشستیں بھی مل جائینگی،ثابت ہوگیا 26ویں ترمیم کے بعد ہر ادارے پر کنٹرول مضبوط کیا جارہا ہے عدلیہ کو محکوم کرکے رکھ دیا گیا، حکومت زیادہ سے زیادہ اختیارات لے رہی ہے ،دوتہائی اکثریت دینے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، یہ انصاف کے منافی ہے اورجمہوری نظام کیلئے تباہی لارہا ہے ، اسمبلیاں ربڑ سٹمپ بن کر رہ گئی ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم کو غیر آئینی طریقہ سے پاس کیا گیاجومسترد ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہاپچھلے سال گندم کے ریٹ پر خریداری نہ کرنے سے پیداوار کم ہوگئی، ن لیگ، پی پی نے ملکر زرعی بحران پیدا کیا،پنجاب میں کسانوں کو جھوٹے ریلیف کے نام پر اشتہار چلاتے ہیں۔ معیشت ٹھیک ہورہی ہے تو پٹرول کیوں سستا نہیں ہورہا، ملک بھر میں بلدیاتی ادارے مفلوج ہیں، تاثر یہ بنایا ہوا ہے کہ پنجاب میں دودھ ، شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں بلدیاتی ادارے مضبوط ہونے تک مسائل حل نہیں ہونگے ۔ اسلام آباد میں 30 سال سے پانی کی کوئی نئی سکیم نہیں بنی ، پانی کا بحران ہے ، حکومت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں