بھارت کی تیز رفتار جنگی تیاریاں،پاکستان ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار:دفتر خارجہ

بھارت کی تیز رفتار جنگی تیاریاں،پاکستان ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار:دفتر خارجہ

اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک، دنیانیوز)دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارت دہشتگردی میں ملوث اور دہشتگرد افغانستان کے اندر موجود ہیں،افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بنیادی مسئلہ ہی دہشت گردی ہے ، عالمی عدالت نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی درخواست خارج کردی، عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ ہماری فتح ہے ۔

 ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا پاکستان نے ثالثی عدالت کے ضمنی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ عدالت نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی کے بعد فیصلہ جاری کیا۔ ضمنی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے سندھ طاس معاہدہ درست اور فعال ہے ،بھارت کوسندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ کارروائی کرنے کا کوئی حق نہیں ،ضمنی فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی توثیق کرتا ہے ۔ پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو معمول کے طور پر چلائے اوراپنے معاہدے کی ذمے داریوں کو پورا کرے ۔ پاکستان بھارت کے ساتھ ہمیشہ سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند رہا ہے لیکن ہم بار بار بھارت کی تیز رفتار جنگی تیاریوں کی جانب اشارہ کر چکے ہیں، پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ،جے شنکر کا پاکستان کی نیوکلیئر بلیک میلنگ کا کہنا ہماری صلاحیت اور ان کے عدم تحفظ کی عکاسی ہے ۔

پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی جولائی کے لیے صدارت سنبھال لی ہے ، پاکستان 22 جولائی کو کثیر جہتی تعاون سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی میزبانی کرے گا، 23 جولائی کو فلسطین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا۔پاکستان کثیرالجہتی اور تنازعات کے پُرامن حل اور مسئلہ فلسطین کے اجلاسوں کی صدارت کرے گا، تبت کا معاملہ چین کا اندرونی معاملہ ہے ۔ علاوہ ازیں ترجمان نے بتایا کہ پاک بھارت قیدیوں کی فہرستیں یکم جولائی کو ایکسچینج کی گئی ہیں۔ 2008ء کے کونسلر ایکسس ایگریمنٹ کے تحت فہرستیں شیئر کی گئیں۔ پاکستان نے 246 قیدیوں کی لسٹ ہندوستان ہائی کمیشن کے حوالے کردی۔بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی لسٹ دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی۔ بھارت پر زور دیتے ہیں کہ پاکستانی قیدی کی حفاظت کریں اور ان کا خیال رکھا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں