ٹرمپ کا فیلڈمارشل کوظہرانہ تعلقات کی نئی بنیاد:محسن نقوی
اسلام آباد (وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ پاک امریکا تعلقات کی نئی بنیاد ہے ۔
امریکا کے یومِ آزادی پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے امریکی عوام اور قائم مقام امریکی سفیر و سفارتی حکام کو مبارک باد پیش کی ۔محسن نقوی کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ امید ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں دیرینہ عالمی تنازعات حل ہوں گے ، پاک بھارت کشیدگی میں ان کا تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،امریکی صدر نے اقوام عالم میں پائیدار امن کیلئے مثالی کردار ادا کیا اور کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی پر امریکی عوام کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم کی ہدایت پر ایران عراق جانے والے زائرین کے ایشوز کے حل کیلئے قائم خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس وزارت داخلہ میں ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سال یکم جنوری سے زائرین گروپ آرگنائزرز کا نیا سسٹم لاگو ہو گا جبکہ سالار سسٹم کو مکمل طور منقطع کر دیا جائے گا ۔