آج یوم عاشور، لاہور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد
اسلام آباد،لاہور،کراچی(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کی لازوال شہادت کی یاد کو ملک بھر میں آج یوم عاشور کے موقع پر عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ،لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگیا۔
جو کہ روایتی راستوں سے گزرتا ہواآج شام مغربین کے وقت بھاٹی دروازہ کے باہر کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا جہاں شامِ غریباں برپا ہو گی۔گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس طے شدہ راستوں سے ہو تے ہوئے اپنی منازل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے ۔جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دئیے گئے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔لاہور میں پانڈو سٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا جہاں سکیورٹی کے لیے ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ۔جلوس اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہو گیا، جلوس کے دوران نوحہ خوانی،نماز ظہرین اور نماز مغربین ادا کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس منعقد ہوئیں جن کی حفاظت پر ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات رہے ، لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس کی حفاظت پر 10 ہزار سے زائد اہلکار مامور تھے ۔کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا، جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے بھی جلوس نکالے گئے ، سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہوا، ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا، پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے ۔