صدر ، وزیراعظم ، مسلح افواج کا کیپٹن شیر خان شہیدکوخراج عقیدت
اسلام آباد ، راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر)کی 26 ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا، علمائے کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا شہدا کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں، ہمیں شہید کی قربانی، فرض شناسی پر فخر ہے ، شہید کی عظمت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیرخان شہید نے وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لئے جان کی پرواہ کئے بغیر لڑنے کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی،وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، جس کی دشمن بھی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکا۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں، صدر ، وزیراعظم ،مسلح افواج اور پوری قوم نے بھی کارگل جنگ کے ہیروکیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کو ان کے 26ویں یومِ شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف ایئر سٹاف، چیف آف نیول سٹاف اور اعلیٰ عسکری قیادت نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق کارگل جنگ کے دوران شہید کیپٹن کرنل شیر خان نے غیر معمولی دلیری، جوانمردی اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان مادرِ وطن پر قربان کی، ان کا کردار پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ روایات کا عملی مظہر ہے ،شہید نے دشمن کے حملوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے دفاعِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا، ان کا جذبہ ایثار، وفاداری، جرات اور فرض شناسی آنے والی نسلوں کے لیے ایک درخشاں مثال اور مشعلِ راہ ہے ۔مسلح افواج نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور قومی حمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی، کیپٹن شیر خان شہید جیسے قومی ہیروز کی قربانیاں ہمارے حوصلوں کو بلند رکھتی ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے ۔
وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نواز نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کے 26 ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے سامنے فولادی دیوار بن کر مادر وطن کا دفاع کیا۔ انکی بہادری اور شجاعت کی داستانیں آنے والی نسلوں کے دلوں میں حب الوطنی کا چراغ روشن کرتی رہیں گی ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کی 26ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا ،علمائے کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں، شہدا کا لہو ہم پر قرض ہے ، علمائے کرام کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں ،کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا ۔