مارگلہ ہلز پر ہرن کا شکار، کند چھری سے ذبح کرنیکی ویڈیو وائرل

مارگلہ ہلز پر ہرن کا شکار، کند چھری سے ذبح کرنیکی ویڈیو وائرل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) مارگلہ ہلز پر ہرن کے شکار اور کند چھری سے ذبح کرنے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو گئی، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

 یکم جولائی 2025 کو مارگلہ ہلز پر پیر سوہاوہ روڈ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا، عینی شاہد کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ پیر سوہاوہ روڈ پر  سیر  کر رہا تھا کہ گولی چلنے کی آواز سنی جس کے فوراً بعد ایک زخمی ہرن سڑک کنارے آ کر گر پڑا، کچھ لمحوں میں دو افراد موقع پر پہنچے ، ایک کے ہاتھ میں وائرلیس تھا، انہوں نے خود کو ایک ادارہ کے انوائرمنٹل پروٹیکشن یونٹ کا اہلکار ظاہر کیا اور دعویٰ کیا کہ ہرن کو نامعلوم شکاری نے گولی ماری۔ انہوں نے زخمی ہرن کو کند چھری سے ذبح کیا، گردن توڑنے کی کوشش بھی کی اور اٹھا کر لے گئے ، یہ سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل ہو گئی۔ وفاقی وزیر مصدق ملک نے محفوظ علاقوں میں جنگلی حیات کے شکار اور ہلاکت کی شدید مذمت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے جلد رپورٹ دی جائے ۔ اس طرح کے ظلم اور تحفظ جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ادھر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی اس واقعہ پر قانونی کارروائی کیلئے تھانے میں درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ درخواست بشیر عباسی، زین عباسی اور نامعلوم افراد کے خلاف جمع کرائی گئی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں