تربیلاکے سپل وے کھل گئے ،دریائے سندھ میں طغیانی کاخطرہ

تربیلاکے سپل وے کھل گئے ،دریائے سندھ میں طغیانی کاخطرہ

لاہور،اسلام آباد ،نوشہرہ ، صوابی (نمائندہ دنیا، نیوزایجنسیاں)بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ گڈو بیراج اور سکھر بیراج پر بھی پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ،تربیلا ڈیم کے سپِل ویز کھول د یئے گئے ہیں،جس کے باعث دریائے سندھ میں طغیانی کاخطرہ ہے ۔

تربیلا سے نیچے کی جانب پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچنے اور دریائے سندھ کے اطراف میں نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی کو الرٹ رکھنے اور ممکنہ پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ عوام کو دریاؤں، ندی نالوں کے قریب جانے سے منع کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب، کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث راجن پور کی رود کوہیوں میں طغیانی آ گئی ، جبکہ سیلابی ریلا ڈیرہ غازی خان میں داخل ہونے سے کچھی کینال میں شگاف پڑ گیا جس سے نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ دریں اثنا پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ گلگت میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 30 مکانات اور فصلیں متاثر ہوئیں،خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ادھر این ڈی ایم اے نے 17 جولائی تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں