لاپتہ شہری کی فیملی کو15دن میں چیک دیاجائے :جسٹس محسن
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے لاپتہ شہری عبد اللہ عمر کی بازیابی کیس میں متاثرہ خاندان کو 15روزمیں امدادی چیک دینے کی ہدایت کردی۔
لاپتہ شہری کی اہلیہ زینب زعیم کی جانب سے دائر کیس میں چیئرمین لاپتہ افراد بازیابی کمیشن کی عدم تعیناتی و متاثرہ فیملی کو پچاس لاکھ کا چیک نہ دینے پر توہین عدالت درخواست کی سماعت کے دوران وزارت دفاع اور داخلہ حکام عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے وزارت داخلہ حکام سے استفسار کیاکہ آپ کتنے دنوں تک امدادی چیک متاثرہ فیملی کو دیں گے ، وزارت داخلہ حکام نے جواب دیاکہ کمیشن سے رپورٹ کے بعد چیک کا پراسس ہفتہ دس روز کاہوتاہے ،عدالت نے ہدایت کی کہ15روز میں پراسس مکمل ہونے کے بعد امدادی چیک متاثرہ فیملی کو وصول کرایا جائے اورسماعت ستمبر تک ملتوی کردی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے پانچ دن سے لاپتہ یوٹیوبر نگار خان نیازی کی بازیابی درخواست پر رجسٹرارآفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے وزارت دفاع، پولیس،ایف آئی اے کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیئے اور سماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کردی۔