چینی 3ماہ میں 173سے 179روپے کلو تک جائیگی

چینی 3ماہ میں 173سے 179روپے کلو تک جائیگی

لاہور (عمران اکبر )پنجاب حکومت نے 3ماہ کیلئے چینی کی ایکس مل اور پرچون کی قیمتوں کا تعین کردیا،پرچون قیمت تین ماہ میں 173سے 179روپے کلو تک جائیگی، ہر 15دن بعد قیمت میں 2روپے کا اضافہ ہوگا،جبکہ نئے ریٹس کے نوٹیفکیشن میں تاخیر پر وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی وسیم اجمل کا تبادلہ کر دیا گیا ۔

ڈی جی فوڈ/کین کمشنر پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 جولائی سے 14 اگست تک ایکس مل قیمت 165 روپے ،پرچون 173 روپے فی کلو ہوگی، 15 اگست سے 14 ستمبر تک ایکس مل قیمت 167 روپے ،پرچون 175 روپے فی کلو ہوگی، 15 ستمبر سے 14 اکتوبر تک ایکس مل قیمت 169 روپے ،پرچون 177 روپے فی کلو ہوگی، 15 اکتوبر سے ایکس مل قیمت 171 روپے ،پرچون 179 روپے فی کلو ہوگی، سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردیں۔خیال رہے 3ماہ سے چینی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن التوا کا شکار تھا،اس دوران شوگر ملز ایسوسی ایشن چینی کے ریٹس کواوپن رکھنے پر زور دیتی رہیں ،اس سرد جنگ کے دوران مارکیٹ میں چینی کی قیمت 190روپے کلو تک چلی گئی، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مہنگی چینی فروخت ہونے پر وفاق سے احتجاج کیا،جسے وفاقی حکومت نے سنجیدگی سے لیا اور نئے ریٹس میں تاخیر پر سیکرٹری فوڈ سکیورٹی وسیم اجمل کا تبادلہ کردیا، جبکہ وفاقی حکومت نے ایکس مل قیمت بڑھا کر 165روپے مقرر کر دی اور چاروں صوبوں کو چینی کے ریٹ مقرر کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں