گزشتہ مالی سال وفاقی حکومت نے 26.5 ارب ڈالر قرض لیا

گزشتہ مالی سال وفاقی حکومت نے 26.5 ارب ڈالر قرض لیا

اسلام آباد (مدثرعلی رانا)وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال ساڑھے 26 ارب ڈالر سے زائد قرض حاصل کیا، وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25کے دوران 21 ارب 23 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ ہوئی جس میں سعودی عرب سے 5ارب ڈالر ٹائم ڈیپازٹ کو رول اوور کرایا گیا۔

 چین سے 4ارب ڈالر کا سیف ڈیپازٹ رول اوور کرایا گیا،اس کے علاوہ 12 ارب 13کروڑ ڈالر پراجیکٹ فنانسنگ اور بجٹری سپورٹ کی مد میں حاصل ہوئے ، رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 4ارب 83کروڑ 88 لاکھ ڈالر موصول ہوئے جبکہ کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت فنانسنگ کا تخمینہ 4 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا۔ کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب 13 کروڑ ڈالر قرض ملا ۔عالمی بینک گروپ سے 1 ارب 37 کروڑ 66 لاکھ ڈالر، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 74 کروڑ ڈالر، ایشیائی انفراسٹرکچر بینک سے 11 کروڑ ڈالر، انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ سے 39 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ گزشتہ مالی سال کے دوران حاصل کی گئی، اس طرح باہمی معاہدوں کے تحت مالی سال 2025 کے دوران 60 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے جس میں چین سے 10 کروڑ ڈالر، سعودی عرب سے 22 کروڑ ڈالر اور فرانس سے 11 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ،اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق 4 ارب 29 کروڑ 78 لاکھ ڈالر فارن کمرشل بینکوں سے قرض حاصل کیا گیا، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 1 ارب 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض حاصل کیا گیا۔ مالی سال 2024 کے دوران نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 1 ارب 10 کروڑ 46 لاکھ ڈالر قرض حاصل کیا گیا تھا ۔اسی طرح مالی سال 2024 کے دوران 1.5 ارب ڈالر کے بانڈز کا اجرا ہدف تھا جبکہ کوئی بانڈ ایشو نہ ہو سکا، اسی طرح گزشتہ مالی سال 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ بانڈز کے اجرا سے متوقع تھی جو کہ کریڈٹ ریٹنگ بہتر نہ ہونے کی وجہ سے جاری نہ ہو سکا، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال کے دوران 3 ارب ڈالر یو اے ای کا قرض رول اوور کرایا گیا اور آئی ایم ایف سے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلٹی کی مد میں 2 ارب ڈالر سے زائد موصول ہوئے ۔کویت سے بھی 70 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی گئی جس کے بعد گزشتہ مالی سال فنانسنگ کا حجم ساڑھے 26 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ۔گزشتہ مالی سال بجٹ تخمینہ سے زائد کی فارن فنانسنگ موصول ہوئی ۔ آئی ایم ایف شرط کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر کو 14 ارب ڈالر تک بڑھانا تھا، ریکارڈ کے مطابق مرکزی بینک کے پاس 14 ارب 52 کروڑ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 43 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر ہیں۔ مجموعی طور پر مرکزی بینک اور کمرشل بینکوں کے پاس 19 ارب 95 کروڑ ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر ہیں۔ اب رواں مالی سال کیلئے آئی ایم ایف نے مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھا ہے ۔رواں مالی سال کے دوران بھی سعودیہ عرب، چین، یو اے ای سے 12 ارب ڈالر کاقرض رول اوور کرایا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں