خیبر پختونخوا حکومت کی امن و امان پر اے پی سی آج، پیپلزپارٹی، جے یو آئی، اے این پی کا بائیکاٹ

خیبر پختونخوا حکومت کی امن و امان پر اے پی سی آج، پیپلزپارٹی، جے یو آئی، اے این پی کا بائیکاٹ

پشاور، اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے خیبرپختونخوا میں امن وامان صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس آج ہو رہی ہے، جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیا۔

وزیراعلیٰ گنڈاپورکا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہوگا، صوبے میں قیامِ امن سب کی مشترکہ ذمے داری ہے اور ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر امن کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا۔ امن وامان مشترکہ مسئلہ ہے ، پیپلزپارٹی کا اے پی سی سے بائیکاٹ سمجھ سے باہر ہے ۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین کا کہنا تھا کہ آج اے پی سی ہورہی ہے ، امن وامان کامسئلہ سب کا مسئلہ ہے ، مخالفین کو ہر چیز پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔ امن وامان قائم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، معلوم نہیں کیوں پیپلز پارٹی نے اے پی سی کا بائیکاٹ کیا ہے ، ڈرون حملے قابل قبول نہیں ، کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی جنہوں نے غلط لسٹیں چلائیں ، انہیں معافی مانگنی چاہیے ، معافی بھی ظرف والا انسان ہی مانگتا ہے ، عمران خان نے کہا تھا اگرپارٹی میں کسی نے بھی اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کی توخود پارٹی سے نکالوں گا۔ بانی نے کہا سب متحد ہوجائیں، لسٹ کے حوالے سے شیطانی پھیلانے والے پارٹی کے غدارہیں۔

علی امین نے اپنے بیان میں کہا بانی کی غیر قانونی اور غیر آئینی گرفتاری اور سزا کو نہیں مانتے ، سزائیں عوام کی رائے اور آئین پر حملہ ہے ۔ تمام غیر قانونی فیصلوں کو واپس لینا ہو گا۔ادھر جے یو آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور اے این پی نے خیبرپختونخوا حکومت اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار کا کہنا تھاکہ کانفرنس پی ٹی آئی نہیں کے پی حکومت نے بلائی ہے ، اس نے تمام فیصلہ کرلیے، اب آل پارٹیز کانفرنس کی ضرورت نہیں، ہم اے پی سی میں شرکت نہیں کرینگے۔ جے یو آئی نے بھی اے پی سی میں شرکت سے انکار کردیا اور ترجمان نے کہا پارٹی تحریک انصاف کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے بھی اے پی سی کا بائیکاٹ کردیا۔ پی پی کے صوبائی صدرعلی شاہ باچا کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت غیر سنجیدہ ہے ، آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے، پیپلزپارٹی اس میں شرکت نہیں کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں