سی ایم انٹرن شپ پروگرام کا دوسرا مرحلہ،ایگریکلچر گریجویٹس کیلئے سکالر شپ کا اعلان
لاہور(نیوزایجنسیاں )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ینگ ایگریکلچرگریجویٹس کیلئے منفرد پروگرام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز کر دیا گیا۔
ینگ ایگریکلچر گریجویٹس پروگرام سے 2ہزارگریجویٹ انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت بی ایس سی ایگریکلچراور بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر ل انجینئرنگ کرنے والے طلبہ انٹرن شپ پروگرام کے اہل ہونگے ۔ ینگ ایگریکلچر گریجویٹس اپنے متعلقہ ضلع میں درخواست ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)کے آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔ بی ایس سی ایگریکلچر اوربی ایس سی ایگریکلچرل انجینئرنگ گریجویٹس کیلئے ہر ضلع کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے ۔ ایگریکلچرل انٹرن شپ پروگرام کیلئے ہیلپ لائن0800-17000 کوبھی فعال کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ایگریکلچرانٹرن شپ پروگرام سے نا صرف کاشتکاروں کی معاونت کی جاتی ہے بلکہ نوجوانوں کوباعزت روزگاربھی مل رہا ہے ۔ پنجاب میں کسان کارڈ پروگرام نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ۔ کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لئے ماڈل ایگریکلچر مال لارہے ہیں۔
ادھر ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈوبنے سے بچاؤ کا عالمی دن احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا شعور دیتا ہے ، پانی زندگی کی علامت ہے مگر بے احتیاطی سے پانی موت کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔ نہر،ندیوں، سیلابی نالوں،دریا یا سمندر میں ڈوبنے سے بچاؤ محض احتیاط سے ممکن ہے ۔ حالیہ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد کا ڈوبنا انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے ۔ والدین بچوں کو سیلابی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے روکیں۔ محکمہ موسمیات اور انتظامیہ کے الرٹ کو مد نظر رکھیں اورعوام خطرناک علاقے میں جانے سے گریز کرے ۔دریں اثناوزیر اعلیٰ نے محمد نواز شریف،وزیراعظم شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم کو پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر خراجِ تحسین پیش کیا اورایس اینڈ پی کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کے فیصلے کو تاریخی اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ الحمدُللہ،آج عالمی ادارے بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کو تسلیم کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مستونگ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔