پاک ایران وزراء خارجہ کا غزہ میں اسرائیلی مظالم پر اظہار تشویش
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ نے غزہ میں ہونے والے اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ نے ٹیلیفون پر غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی، جس دوران اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے غزہ میں اسر ائیلی مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے کہا کہ غزہ صورتحال پر عالمی اداروں خصوصاً اوآ ئی سی کو متحرک کرنا ضروری ہے ، مغربی کنارے پر قبضے کی اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری کا مقصد فلسطینی شناخت کو مکمل طور پر مٹانا ہے ۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور غزہ میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے ڈاکٹر عافیہ کیس سے متعلق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا میرے گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں عمران خان کے کیس کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کے حوالے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے ۔ ن لیگ کی حکومتوں کے ادوار میں ہم ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے تمام تر سفارتی اور عدالتی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے جب تک کہ رہائی کا معاملہ حل نہ ہو جائے ۔ ہر ملک کے عدالتی و قانونی طریقہ کار ہوتے ہیں جن کا احترام کیا جاتا ہے ، چاہے وہ پاکستان ہو یا امریکا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر ہماری حکومت کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے ۔