سندھ حکومت بدترین لوٹ مار کر رہی، سارے جرائم میں ایم یو ایم شریک : حافظ نعیم
کراچی (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے لانگ مارچ کو اسلام آباد جانے سے روکنے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے باز رہا جائے، بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرحم رکھا اور لاپتا افراد کے مسئلے سمیت دیگر مسائل حل اور ان کے جائز حقوق دیئے جائیں۔۔۔
خیبر پختونخواکے مخدوش حالات عوام اور اداروں دونوں کے لیے نقصان کا باعث بن رہے ہیں، فوجی آپریشنز کے باوجود صورتحال بہتر نہیں ہو رہی، قومی پالیسیوں کو درست، غلطیوں کا اعتراف اور افغانستان سے تعلقات میں بہتری لائی جائے، وادی تیرا کے افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے، جماعت اسلامی 30 جولائی کو پشاور میں قبائلی عمائدین کا ایک بڑا گریٹر جرگہ کر رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ کے حوالے سے یقین دہانیاں تو کرائی ہیں لیکن صرف یقین دلانے کا کام نہیں چلے گا، اہل غزہ و فلسطینی عوام کے لیے عملی اقدامات اور اسرائیل کے خلاف پیش قدمی کی ضرورت ہے، پاکستان واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور ابھی حال ہی میں پاکستان نے بھارت کو سبق سکھا یا ہے ،5اگست 2019کے بھارتی اقدام جس میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی تھی کے خلاف پاکستان کو جس رد عمل کا اظہار کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا گیا؟ ہمارا مطالبہ ہونا چاہئے کہ بھارتی آئین کی شق 370اور 35Aکو ختم کر کے کشمیر کوضم کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اسے کالعدم اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا جائے۔
جماعت اسلامی 5اگست کو یوم حقوق کشمیر و فلسطینمنائے گی،بھارت و اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا جائے گا، پیپلز پارٹی نے 17سال کی حکومت میں کراچی اور سندھ کے عوام کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ اور عوام بجلی، پانی، سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہیں، K-4منصوبہ مکمل نہیں ہو رہا۔ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ عوام کو نان ایشوز میں الجھایا ہواہے ،بدترین کرپشن اور لوٹ مار ہے جو سندھ حکومت کررہی ہے اور ایم کیوایم اس کا مکمل ساتھ دے رہی ہے ، ایم کیوایم کا یہ کہنا کہ صوبائی حکومت میں ہم انکے اتحادی نہیں سب ڈرامے بازی ہے ، ایم کیو ایم وفاق میں وزارتیں پکڑ کر بڑے سکون سے بیٹھی ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی کے سارے جرائم میں اس کے ساتھ شریک ہے ، ٹی وی پر بیٹھ کر نور ا کشتی لیکن سینیٹ کا الیکشن ساتھ لڑتے ہیں،اپنی تنخواہیں بڑھواتے ہیں، باجوہ کو ایکسٹینشن دیتے ہیں، کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کرتے ہیں،کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے ، 6 ماہ میں 26ہزار موٹر سائیکلیں چھن گئیں،نمبر پلیٹو ں کا شور کیا جا رہا ہے ،اجرک کے نام پر پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، سندھیوں اور مہاجروں کو پتہ ہے کہ یہ ہمارے ساتھ کیا کھیل کھیلا جارہا ہے۔