ن لیگ سے پیپلزپارٹی کا اتحاد محبت نہیں مجبوری :گورنر پنجاب

ن لیگ سے پیپلزپارٹی کا اتحاد محبت نہیں مجبوری :گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنرسردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وفاق اور پنجاب میں وزارتیں لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ن لیگ سے پیپلزپارٹی کا اتحاد مجبوری کا ہے محبت کا نہیں۔ ملک کی خاطر مل کر چل رہے ہیں۔9مئی کا واقعہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی۔

ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دورہ جنوبی پنجاب کے دوران وہاڑی میں پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے نواب سرفراز کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب نے وہاڑی میں سماجی رہنما چودھری اسلم کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ  خوانی بھی کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی جس میں پی ٹی آئی اور اس کی لیڈر شپ ملوث تھی۔اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکروں کو اداروں پر چڑھائی کے لئے کہا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جنہوں نے یہ سب کچھ کیا ان کو سزائیں ہونی چاہئیں۔ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک کی خاطر اپنے ووٹ اور حکومت قربان کی مگر ملک کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں