عمران کی قید کے 2 سال مکمل، کیسز لٹکائے جا رہے : تیمور جھگڑا

عمران کی قید کے 2 سال مکمل، کیسز لٹکائے جا رہے : تیمور جھگڑا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ آج بھر پوراحتجاج ہوگا، احتجاج اس لئے ہورہا ہے کہ عمران خان کی قید کو دوسال مکمل ہوجائیں گے، غیرقانونی اور غیر آئینی طریقے سے سابق وزیر اعظم کوگرفتار کیا گیا۔۔۔

 جیل میں رکھا گیا،پھران کے کیسز کو لٹکایا جارہا ہے ،یہ سزا اس لئے دی جارہی ہے کہ وہ ڈیل نہیں کرنا چاہتے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تیمورجھگڑاکا کہناتھا پشاور میں بہت بڑی ریلی تین بجے شروع ہو گی،میرے حلقے سے بھی ریلی نکلے گی، خیبر پختونخوا میں ہم آزاد ہیں، ریلیاں، احتجاج ہونگے ،لیکن پنجاب میں سختی کی ہوئی ہے ، اب پنجاب حکومت نے دفعہ 144 نافذ لگادی ،علی امین گنڈاپور پشاورمیں ریلی کی قیادت کریں گے ،وہ اسلام آباد نہیں جائیں گے ،آج اگر عمران خان کی بہنوں کی ملاقات کرائی جاتی ہے تو پھر اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی ضرورت نہیں ۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور پنڈی میں انتظامیہ کو اس لئے متحرک کیا گیا اس کی وجہ یہ ہے کہ علی امین گنڈاپور کے وہ بیانات ہیں،علی امین نے کہا تھااب ہم جب آئیں گے تو مسلح ہو کر آئیں گے ،کہا تھا جس نے رکاوٹ ڈالی اس پر گولیاں برسائیں گے ،علی امین گنڈاپور کے کئی بیانات پرتشدد ہیں، وہ سیاسی بیانات نہیں دیتے ، تحریک انصاف کے لوگ آئین اور قانون کے تحت احتجاج نہیں کرتے ،اس وجہ سے ہم نے احتیاطی تدابیر کیلئے یہ سب کچھ کیا ہے ،امن قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،ہم کسی کو احتجاج کیلئے نہیں روک سکتے ،ان کا کہنا تھابرطانوی ہائی کمشنر کی عمران خان سے ملاقات ہونے کا مجھے علم نہیں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں