پارٹنرشپ سے ریلوے کو منافع بخش بنانا چاہتے :حنیف عباسی

پارٹنرشپ سے ریلوے کو منافع بخش بنانا چاہتے :حنیف عباسی

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے مقامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ضروری ہے ۔ تاجروں سمیت ہر دوسرے شخص کو چور سمجھنے کی روایت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔

 موجودہ حکومت بزنس کمیونٹی کے تعاون سے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرے گی۔ ہم بزنس کمیونٹی کی پارٹنرشپ سے ریلوے کو ملک کا منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں پائیدار تجاویز درکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس، فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ اور دیگر نے بھی اظہارِ خیال کیا جبکہ سابق ایم این اے میاں عبدالمنان، سابق صدر چیمبر مزمل سلطان، رانا سکندر اعظم، ایگزیکٹو ممبران مرزا زاہد اقبال، محمد علی، حافظ عطا اللہ، انجینئر بلال جمیل، شاہد مجید، طارق محمود قادری اور دیگر مہمانانِ گرامی بھی اجلاس میں موجود تھے ۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور ترقی کے منصوبوں پر عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے ڈیڑھ مہینے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے دفاع اور بہتری کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہمیں اپنی فوج اور جوانوں پر فخر ہونا چاہیے ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں 436 بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنگ ہیں۔ حکومت نے 150 کراسنگ پر پھاٹک لگانے کے لیے 9 ارب روپے مختص کیے ہیں اور یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ فیصل آباد چیمبر کے تمام مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں۔میاں محمد ادریس نے کہا کہ ریلوے حکام فیصل آباد کے 10 کلومیٹر کے دائرہ کار میں ریلوے کی تمام آپریشنل جگہوں کو نکال کر باقی نان آپریشنل پراپرٹیز کی نشاندہی کریں۔ فیصل آباد کی تاجر برادری فیصل آباد کی حد تک ریلوے کی بحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ فیصل آباد میں تیار برآمدی مصنوعات کی کلیئرنس کراچی سے ہونے کی وجہ سے ہمارے حصے کو پورٹ سٹی کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے ۔ فیصل آباد سے شاہدرہ اور فیصل آباد سے خانیوال تک سنگل ٹریک کو ڈبل ٹریک کر کے گاڑیوں کی تاخیر کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ فیصل آباد سے کراچی کے لیے بلا ناغہ فریٹ ٹرین چلائی جائے ۔نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ میاں محمد ادریس نے ریحان نسیم بھراڑہ و دیگر کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے کو فیصل آباد چیمبر کی یادگاری شیلڈ اور پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ کو تحائف پیش کیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں