شہباز کی نواز شریف سے ملاقات سیلاب متاثرین کی بحالی پر گفتگو
لاہور،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے اہم ملاقات کی، وزیر اعظم نے نواز شریف کو خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے بعد کی صورتحال، ریسکیو و ریلیف اقدامات اور متاثرین کی بحالی کے منصوبوں پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
اور کہا وفاقی اور صوبائی ادارے ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،نواز شریف نے کہا خیبر پختونخوا میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع دلخراش اور افسوسناک سانحہ ہے ،دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں پختونخوا کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ ضمنی انتخابات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹوں کے اجراء، امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی، میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل اور متاثرین کی امداد کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے ۔قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس میں شہبازشریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو چینی کمپنی ہانگ کانگ آہوا کی جانب سے تیار کردہ کمپلیکس کا کنسیپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا۔گزشتہ 30 برس سے ایک ہزار سے زائد ہسپتالوں کے ڈیزائن تیار کرنے کا تجربہ رکھنے والی ہانگ کانگ آوہوا کمپنی نے ہسپتال کا کنسیپٹ ڈیزائن بغیر کسی معاوضے کے تیار کیا۔
اجلاس کو تفصیلی طور پر ہسپتال کے ڈیزائن کے بارے آگاہی دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ چینی کمپنی کا پاکستان کے ہسپتال کیلئے عالمی معیار کا کنسیپٹ ڈیزائن بغیر کسی معاوضے کے بنانا پاک چین دوستی اور عوامی روابط کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ چینی کمپنی کی قیادت اور ڈیزائن کی تشکیل میں حصہ لینے والے ہر اہلکار کے تہہ دل سے مشکور ہیں،چینی کمپنی کے اس تحفے کو حکومت پاکستانی عوام اور اس ہسپتال سے شفایاب ہونے والے افراد ہمیشہ یاد رکھیں گے ،جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق ٹرشری کیئر کا ہسپتال بنایا جائے گا۔وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ چینی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ ڈیزائن کی ٹیکنیکل فزیبلٹی رپورٹ تیار کرائی جائے ،کمپلیکس کی ڈیجیٹا ئزیشن اور اس میں مصنوعی ذہانت کا اطلاق کیا جائے خوش آئند ہے کہ کنسیپٹ ڈیزائن میں مستقبل میں کسی بھی وبا کے حوالے سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل منصوبہ بندی بھی شامل ہے ۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے میں ماحول کے تحفظ، پانی کی بچت اور وسائل کے بہتر استعمال کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔وزیرِ اعظم نے ڈیزائن میں شمسی توانائی، قدرتی روشنی کے بہتر استعمال، پانی کی ری سائیکلنگ اور ماحول کو سرسبز رکھنے کیلئے اقدامات پر بھی اطمینان کااظہارکیا۔ وزیرِ اعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے نظام کو اسلام آباد کے دیگر ہسپتالوں سے ڈیجیٹل طریقے سے منسلک کرنے کے حوالے سے بھی ہدایت دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے تمام تر اقدمات کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کئی عالمی تعلیمی ریکارڈ توڑنے والی طالبہ ماہ نور چیمہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ماہ نور کی غیرمعمولی کامیابی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ عالمی ریکارڈز کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی ادارے میں داخلہ قابلِ فخر ہے ، ماہ نور سے قائد نواز شریف کے ہمراہ ملاقات آج بھی یاد ہے ، ہم سب کو تم پر فخر ہے ۔