وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے گزشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے پیدا صورتحال اور شا ہراہوں اور ٹوٹنے والے پلوں کی بحالی پر بات چیت کی۔
عبدالعلیم خان نے علی امین گنڈاپور سے خیبر پختونخوا میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام کے لئے این ایچ اے کے تمام وسائل حاضر ہیں ،صوبائی حکومت کو جہاں کہیں ضرورت ہوئی اُن کے احکامات پر پنجاب اور سندھ کے این ایچ اے کی مشینری اور افرادی قوت بھی صوبہ خیبر پختونخوا میں خدمات سر انجام دے گی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کوگلگت بلتستان میں موجود وفاقی سیکرٹری مواصلات اور صوبہ خیبر پختونخوا سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے رپورٹ پیش کی ، وفاقی وزیر مواصلات کے احکامات پر این ایچ اے کی ٹیموں نے فوری طور پر بحالی کے کام کا آغاز کر دیا تھا جس کے نتیجے میں مانسہرہ،ناران، جھال کھنڈ شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جبکہ بالا کوٹ سے بابوسر ٹاپ کے لئے بھی ٹریفک جاری ہے ۔