9مئی کی فوٹیج لائیں ،گناہ گار معافی ضرورمانگے :وقاص اکرم

9مئی کی فوٹیج لائیں ،گناہ گار معافی ضرورمانگے :وقاص اکرم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے پہلے دن سے عمران خان نے واضح کہا ہے کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے ، اگرکوئی گناہ گار ہوا تو ضرور معافی مانگے ،جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تاکہ تمام چیزیں واضح ہوسکیں ،ا بہام بڑھتا جارہا ہے۔

 9 مئی کو ہمارے لوگ نکلے تھے لیکن وہ پرامن احتجاج کررہے تھے ،ہمارے احتجاج میں انتشاری لوگ شامل ہوئے ،انہوں نے ہمارے کارکنوں کو اکسایا ،5 اگست کو عمران خان کیلئے لوگ باہرنکلے تھے ،یہ کہنا کہ کوئی نہیں نکلتا، درست نہیں ہے ، کیا ہم اپنے لوگ مروائیں پھر یقین ہوگا کہ ہم نکلے تھے ،ہاں یہ مانتے ہیں کہ ہم عمران خان کی توقعات پرپورا نہیں اترے ۔انہوں نے دنیانیوزکے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف مذاکرات کی حامی ہے ، ہم مصالحت کیلئے ہر وقت تیار ہیں، عمران خان سے ملاقاتیں نہیں کروائی جارہیں، مذاکرات کیلئے پہلے ماحول بنانا ہوگا، ہم مذاکرات کا فیصلہ عمران خان کی مرضی کے بغیر نہیں لے سکتے ، جن لوگوں نے آخری دنوں میں عمران خان سے ملاقات کی تھی ان کو مذاکرات سے روک دیا ہے ،عمران خان نے کہا تم لوگ پرامن احتجاج کرو ۔ ضمنی الیکشن کے سوال کے جواب میں کہا ہے کہ عمران خان کا یہی فیصلہ ہے کہ الیکشن میں حصہ نہ لیا جائے ، اس وجہ سے یہ بائیکاٹ جاری رہے گا،جن ارکان کو سزائیں ملی ہیں وہ اپیلیں کریں گے ، پارٹی کسی کویہ نہیں کہتی کہ تم ناحق کیسوں میں جیل چلے جاؤ، یہ ان کے ذاتی فیصلے ہیں وہ جیل جاتے ہیں یا رو پوش ہوتے ہیں۔ ا گر عمران خان استعفیٰ دینے کا کہیں گے تو سارے مستعفی ہو جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں