1ارب 28کروڑ پاسپورٹ فیس قومی خزانے میں جمع نہ ہو سکی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آڈیٹر جنرل پاکستان نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جمع کردہ 45 ارب روپے سے زیادہ پاسپورٹ فیس میں سے ایک ارب 28 کروڑ 90 لاکھ قومی خزانے میں جمع نہ ہونے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
آڈیٹر جنرل پاکستان رپورٹ 2025- 2024 کے مطابق پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے مالی سال 2024 - 2023 میں پاسپورٹ فیس کی مد میں 45 ارب 40 کروڑ 52 لاکھ 70 ہزار فیس جمع کی تاہم اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کے مطابق قومی خزانے میں 44 ارب 11 کروڑ 62 لاکھ 9 ہزار روپے جمع ہوئے اور 1ارب 28 کروڑ 90 لاکھ 60 ہزار روپے قومی خزانے میں جمع نہ ہونا سنگین بے ضابطگی ہے ۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کے مطابق پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے اعتراض کا جواب نہیں دیا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مذکورہ رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے ریکارڈ کا جائزہ لے اور رقم قومی خزانے میں جمع نہ ہونے کی تحقیقات کرے ۔