پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست خارج، قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور، راولپنڈی (کورٹ رپورٹر، خبر نگار) لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی حاضری معافی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
سپیشل سنٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کی ، دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ پرویز الٰہی بیمار ہیں ۔عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست پر اظہار ناراضگی کیا اور پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست خارج کر دی ،عدالت نے پرویز الٰہی کے وکیل کو دس ہزار کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی ۔ایف آئی اے لاہور نے پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف نامکمل چالان جمع کروا رکھا ہے ۔ ادھر راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج اعجاز علی نے محکمہ جنگلات کی 6 ہزار کنال اراضی میں خورد برد سے متعلق ریفرنس میں پرویز الٰہی کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔