مبینہ مقابلے :لاہورسمیت 3 شہروں میں 6ملزم ہلاک

 مبینہ مقابلے :لاہورسمیت 3 شہروں میں 6ملزم ہلاک

لاہور،گوجرانوالہ، کامونکے ، شیخوپورہ(کرائم رپورٹر، نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر)لاہور سمیت 3شہروں میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلوں میں6ملزم ہلاک ہوگئے ۔

 بادامی باغ،مسلم ٹائون اور شفیق آباد میں مقابلوں کے دوران 3ملزم ہلاک، ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ گوجرانوالہ میں سی سی ڈی پولیس کیساتھ مبینہ مقابلے میں مشروب ساز فیکٹری کے سیلز مینوں کو لوٹنے والا ملزم اشفاق مارا گیا، گوجرانوالہ میں ہی ایک اور واقعہ میں دوسٹریٹ کریمنلز سی سی ڈی ٹیم کی جانب سے تعاقب کرنے پر حادثے کا شکار ہوکر ٹانگیں تڑوا بیٹھے ، جنہیں گرفتار کرلیاگیا۔ کامونکے میں سی سی ڈی کیساتھ مقابلے میں راہوالی کا رہائشی50مقدمات میں  مطلوب ملزم عرفان مارا گیا، دوسراساتھی فرار ہوگیاجبکہ سی سی ڈی کا اہلکار عمیر زخمی ہوا۔ شیخوپورہ کے علاقہ مانانوالہ کے نواحی دیہات ڈیرہ کیراں کے قریب سی سی ڈی سے مقابلے کے دوران ملزم ادریس ہلاک ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت کے تھانہ بادامی باغ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ملزم ہلاک ہوئے ، جن کی شناخت راشد اور ذیشان کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزم راشد اور ذیشان مارے گئے ، انکے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔ ادھر مسلم ٹاؤن میں بھی سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم بلال ہلاک ہو گیا۔ حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلہ میں ڈاکو بلال مارا گیاجبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ہلاک ملزم بلال قتل ،ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا۔علاوہ ازیں شفیق آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسکا دوسرا ساتھی فرار ہو گیا،سی سی ڈی ٹیموں نے فرار ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں