پنجاب :سپرفلڈ کا سامنا،تاریخ کا سب سے بڑا انخلا،ریسکیو آپریشن کیا:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے کو سپر فلڈ کا سامنا ہے ،پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا انخلاء اور ریسکیو آپریشن کیا گیا، بروقت اور بہترین انتظامات سے ہزاروں انسانی جانیں محفوظ ہوگئیں سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں۔
کھانے پینے اور دیگر انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، پنجاب سیلاب کی حساس ترین صورتحال سے گزر رہا ہے لیکن حکومتی ادارے مستعد ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ علاقوں کے ہیلتھ کیمپس میں تمام ادویات کی فراہمی یقینی بنانے ، نقصانات کا تخمینہ لگانے کا حکم دیدیا ۔ سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس سمیت دیگر تمام اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو بدستور متحرک رہنے ، ریسکیو 1122 کو ریلیف آپریشن کیلئے مزید مستعد رہنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کے ہیلتھ کیمپس میں تمام ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیدیا۔مریم نواز شریف نے بارشی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کیلئے انتظامات اور ادویات کی فراہمی، سیلاب زدہ علاقوں کے ریلیف کیمپس میں خواتین کیلئے سینیٹری کٹ مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال اور مدر اینڈ چائلڈ کلینک آن ویل کی سروسز مزید تیز کرنے ، سیلاب زدہ علاقوں میں قائم ریلیف میڈیکل کیمپوں میں بہتری کی ہدایت کی اور پی ڈی ایم اے کو اضلاع میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ اور دیگر سامان فوری مہیا کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے پی ڈی ایم اے کو متوقع حالات کے پیش نظر بھرپور بیک اپ تیاری کا بھی حکم دیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے پہلے بروقت انخلا سے ڈھائی لاکھ لوگ محفوظ رہے ، سیلابی ریلوں میں گھرے 9 لاکھ سے زائد متاثرین کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا، انتظامیہ اور تمام اداروں کی منظم کاوشوں سے تباہی سے محفوظ رہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے گھروں کے قریب ٹینٹ سٹی کا اہتمام کر دیا گیا ہے ۔ ضلع جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں فلڈ ریلیف کیمپ کے ساتھ ٹینٹ سٹی لگا یا گیا جہاں متاثرین کیلئے قیام وطعام کا شاندار اہتمام بھی کیا جارہا ہے ، فلڈ ریلیف کیمپس میں بچوں اور خواتین کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلڈریلیف کیمپوں میں مقیم افراد کو ضرورت کی ہر چیز میسر ہونی چاہیے ، کیمپوں میں مقیم افراد کی صحت پہلی ترجیح ہے ،فلڈ ریلیف کیمپوں کی صفائی اوردیگر امور پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرزکو سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانا ت کاسروے کرانے ،فلڈ ریلیف کیمپوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے ،ہر ٹینٹ سٹی میں فیومیگیشنمچھر مار اورجراثیم خشک سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ کو سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرین کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریسکیو اورریلیف رپورٹ بھی طلب کرلی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ لوگ بے سروسامانی کی حالت میں گھروں سے نکلے ہیں،تنہاء نہیں چھوڑ سکتے ،پانی اترنے کے بعد بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے ،اس چیلنج کیلئے پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال کی تعداد کو بڑھانے اوردوردراز علاقوں تک رسائی یقینی بنانے کا حکم دیا اورہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں وزٹ کیلئے گائنی،گیسٹرواورسکن سپیشلسٹ کی موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹر ز،پیرا میڈکل سٹاف اوردیگر عملے کیلئے خصوصی الاؤنس کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین کو ان کی ضرورت اورسہولت کے مطابق رہنے کیلئے ٹینٹ اورجگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں کسانوں کیلئے ایگری کلچر انٹرنز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ۔سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کیلئے بھرپور چارے اورویکسی نیشن کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو متاثرہ علاقوں میں بجلی،سوئی گیس جلد بحال کرنے کیلئے متعلقہ محکموں سے رابطے کرنے کی ہدایت کی ۔پانی کے انخلاء کے بعد بجلی،گیس اوردیگر کنکشن کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا اورسیلابی صورتحال کے پیش نظر ہر محکمے کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں انتظامات میں مزیدبہتری لانے ، متعدی امرا ض سے بچاؤ کیلئے ناگزیر انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے ۔ دریں اثناء مریم نواز شریف نے سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے والد آصف سنجرانی کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔