رینالہ:دو مال بردار ٹرینوں میں تصادم اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق، 2 زخمی
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد اور حبیب آباد کے درمیان 2مال بردار ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق ،2 افراد زخمی ہو گئے ۔
ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ مرتب کر کے ریلوے ہیڈکوارٹرز ارسال کر دی گئی۔ابتدائی تحقیقات رپورٹ میں رینالہ خورد ریلوے سٹیشن ماسٹر، مال بردار ٹرین کا گارڈ اور ٹرین ڈرائیور حادثے کے ذمہ دار قرار دیدئیے گئے ۔جوائنٹ سرٹیفکیٹ کے مطابق مال بردار ٹرین کا گارڈ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بروقت اطلاع دینے میں ناکام رہا۔ ڈاؤن ٹریک پرجمعرات کی صبح بوگیوں کے بفر کپلر ٹوٹنے کے باعث مال بردار ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، حادثے سے مال بردار ٹرین کی چار ٹرالیاں ڈی ریل ہوئیں جس سے دونوں ٹریک بلاک ہو گئے ۔حادثے کے بعد دوسری مال بردار ٹرین حبیب آباد ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچی۔ حبیب آباد ریلوے سٹیشن ماسٹر نے رینالہ خورد سٹیشن ماسٹر سے لائن کلیئر مانگی، رینالہ خورد سٹیشن ماسٹر نے پہلی مال بردار ٹرین کے پہنچنے سے پہلے ہی لائن کلیئر قرار دے دی۔ حبیب آباد ریلوے سٹیشن ماسٹر نے بعدازاں دوسری مال بردار ٹرین کو پیپر لائن کلیئر اور کاشن جاری کیا۔ ٹرین ڈرائیور نے کاشن پر دھیان دئیے بغیر ٹرین اوور سپیڈ سے رواں دواں رکھی اور مال بردار ٹرین پہلے سے حادثے کا شکار مال بردار ٹرین سے آٹکرائی۔ حادثے میں اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور محمد امتیاز موقع پر ہی انتقال کرگیا۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 3 روز میں مکمل رپورٹ طلب کرلی۔