پاکستان، ویتنام میں ترجیحی تجارتی معاہدہ، دونوں ممالک کے دستخط
معاہدہ سے عالمی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھے گی:ویتنامی وزیرتجارت دونوں ممالک کے کاروباری افراد ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں:جام کمال خان
اسلام آباد (الماس حیدر نقوی)پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ طے پا گیا، معاہدہ ویتنامی وزیر تجارت کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوا، پاکستان اور ویتنام نے ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) پر مذاکرات کے باضابطہ آغاز پر دستخط کر دیئے ، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔یہ اعلان اور دستخط اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقات اور پاکستان-ویتنام بزنس فورم کے دوران کیے گئے ، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور ویتنام کے وزیرِ صنعت و تجارت ایچ ای نگوین ہونگ دیئن نے کی،بزنس فورم میں وفاقی وزراء خالد حسین مگسی، عبدالعلیم خان، جنید انور چودھری، رانا تنویر حسین، پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ میر زرین خان مگسی، سینئر سرکاری عہدیداروں، سفارتکاروں اور دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے ویتنامی وزیر اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے دورہ پاکستان کو دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی مشترکہ خواہش کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ماہی گیری، تعمیراتی مواد اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری طبقے پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں،ویتنام کے وزیر صنعت و تجارت ایچ ای نگوین ہونگ دیئن نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے سے دونوں ممالک کی معیشتوں میں تنوع پیدا ہوگا، عالمی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھے گی اور پائیدار و جامع ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات ویتنامی زائرین کے لیے روحانی لحاظ سے ایک گہری وابستگی رکھتے ہیں،تقریب کا اختتام مشترکہ اعلامیے پر دستخط کے ساتھ ہوا۔