انٹرمیڈیٹ پارٹ ون ،لاہور بورڈ کا نتیجہ 53.77فیصد

انٹرمیڈیٹ پارٹ ون ،لاہور بورڈ کا نتیجہ 53.77فیصد

92ہزار541طلبہ کامیاب،پیپرز کی مکمل ری چیکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ گوجرانوالہ کانتیجہ49اعشاریہ 97،ڈی جی خان میں 62اعشاریہ 37فیصد رہا

لاہور (خبر نگار)پنجاب بھر میں تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے نتائج کا اعلان کردیا ،لاہور بورڈ میں 92ہزار 541طلبہ کامیاب ہوئے جبکہ نتیجہ 53اعشاریہ 77فیصدرہا ،دوسری طرف پرچوں کی ری اکاؤنٹنگ کی بجائے مکمل ری چیکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن نے پریس کانفرنس میں نتائج کااعلان کرتے کہا کل ایک لاکھ 75 ہزار 950 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، 92ہزار 541 کامیاب قرار پائے ۔72ہزار 690طلبا اور ایک لاکھ  3ہزار260طالبات نے امتحان دیا،ایک لاکھ 8 ہزار269 کا تعلق سائنس گروپ جبکہ67 ہزار681 کا تعلق آرٹس گروپ سے تھا۔سیکرٹری لاہور بورڈ نے کہاطلبہ کو اب ری اکاؤنٹنگ کی بجائے مکمل ری چیکنگ کی سہولت دی جائیگی۔اس مقصد کیلئے بورڈ قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے اور منظوری کیلئے کابینہ کو سمری ارسال کی جائیگی۔یہ اقدام امتحانی شفافیت اور میرٹ کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے ۔

گوجرانوالہ بورڈکے امتحان میں 142101امیدوار شامل ہوئے 71009 کامیاب قرار پائے کامیابی کی شرح49اعشاریہ 97فیصد رہی۔فیصل آباد بورڈ میں 108182طلبا وطالبات شریک ہوئے 60302 پاس ہوئے ،کامیابی کا تناسب 55.74 فیصد رہا۔ ساہیوال بورڈ میں 42529 طلبا و طالبات شریک ہوئے ،23182 نے کامیابی حاصل کی،کامیابی کا تناسب54اعشاریہ 51فیصد رہا۔ ملتان بورڈ میں مجموعی طور پر 74ہزار363امیدواروں نے شرکت کی ، 42ہزار730پاس اور 31ہزار 633فیل ہوگئے ، کامیابی کی شرح 57اعشاریہ 46فیصد رہی۔ بہاولپور بورڈ میں 57720اُمیدواروں نے شرکت کی اور 29981 نے کامیابی حاصل کی،نتیجہ کا تناسب 53اعشاریہ 17فیصد رہا ۔ ڈیرہ غازی خان بورڈ میں 54ہزار 954 طلباو طالبات نے امتحان دیااور37ہزار 277کامیاب ہوئے ، کامیابی کا تناسب 62 اعشاریہ 37 فیصد رہا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں